خبرنامہ پنجاب

ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن کا ریلوے میں بھرتیاں شفاف بنانے کیلئے احسن اقدام

لاہور۔(ملت آن لائن) ریلوے لاہور ڈویژن میں حالیہ بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے ایک انتہائی شاندار اقدام اٹھایا ہے، تفصیلات کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن میں مختلف کیٹیگریز کی 404 بھرتیوں کا عمل جاری ہے، ذرائع کے مطابق درخواستوں کی آخری تاریخ 22 اکتوبر گزرجانے کے بعد موصول شدہ درخواستوں کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے، اس ضمن میں بھرتیوں کے عمل کو 100 فیصد میرٹ کے مطابق کرنے اور ان میں مزید شفافیت لانے کیلئے ڈی ایس ریلوے لاہور کی ہدایت پر ڈویژنل پرسانل افسر میڈم بشری رحمان نے ڈویژنل آفس ریلوے لاہور کے مین گیٹوں سمیت کئی نمایاں جگہوں پر عوم الناس کی راہنمائی کیلئے فلیکسز آویزاں کر دی ہیں جن پر واضح درج ہے کہ پاکستان ریلویز لاہور ڈویژن میں بھرتی کے حوالے سے اگر کوئی شخص پیسے لینے کا تقاضا کرے تو فوری طور پر بمعہ ثبوت ریلوے انتظامیہ کو اس کی شکایت کی جائے، مزید براں ذرائع کے مطابق ڈی ایس ریلوے لاہور نے افسروں اور ریلوے عملے کو میرٹ کے مطابق بھرتیاں کرنے کی ہدایت کردی ہے، یاد رہے اس اقدام سے ریلوے پر عام لوگوں کا اعتماد بڑھے گا اور میرٹ پر ٹیلنٹڈ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔