خبرنامہ پنجاب

کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) اے ایس ایف نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ اے ایس ایف نے اسلام آباد میں بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل نیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 633 سے قطر جانے والے مسافر کے سامان سے 2 کلو ہیروئن برآمد کر لی۔ گرفتار ملزم کی شناخت علی گوہر کے نام سے ہوئی ہے جو مردان کا رہائشی ہے۔ اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے سامان تلاشی کے دوران مٹھائی کے ڈبے سے ہیروئین برآمد کی گئی، ملزم کو مزید تفتیش کے لئے اے این ایف (اینٹی نارکوٹکس فورس) کے حوالے کردیا گیا ہے۔ مٹھائی کے ڈبے سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی مالیت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے بنتی ہے۔ بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ سے ہی مسقط جانے والے مسافر سلیم مہمند کے سامان سے 30 بور پسٹل کی 6 گولیاں برآمد کی گئیں، ملزم کو اے ایس نے گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔