خبرنامہ پنجاب

کرپٹ حکمرانوں نےملک وقوم سےبےوفائی کی: سراج الحق

لاہور (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی اور دنیا بھر کے ممالک میں مقیم پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر کما کر زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان بھجواتے ہیں مگر پاکستان کے کرپٹ حکمران اور بیوروکریسی خون پسینے کی اس کمائی کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروادیتی ہے ۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک و قوم سے بے وفائی کی ہے ۔عید کے بعد کرپشن کے خلاف فیصلہ کن جنگ ہوگی۔وہ مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے گرینڈ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔افطار ڈنر میں مدینۃ النبی میں مقیم سینکڑوں پاکستانی خاندانوں نے شرکت کی ۔افطار ڈنر میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی دنیا بھر کے ملکوں سے کما کرپاکستان بھیجتے ہیں اور یہاں کے بے حس اور کرپٹ حکمران ان مزدوروں کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر بیرون ملک پہنچا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق ملنا چاہئے تاکہ وہ اپنے ملک کے بارے میں ہونے والے اہم فیصلوں میں براہ راست شریک ہوسکیں ۔انہوں نے پاکستانی سفارت خانے سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب سمیت بیرونی ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں کیلئے تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں جہاں پاکستانی بچے اپنے نصاب کے مطابق اور اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو اپنی رقوم کی ملک میں منتقلی میں سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بہت سی بلا جواز کٹوتیوں کے ذریعے انہیں کثیر رقم سے محروم کردیا جاتا ہے ،سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ رقوم کی منتقلی کے طریقہ کار کو آسان اور عام فہم بنایا جائے ۔