لاہور (ملت + آئی این پی) کسٹمز انٹیلی جنس کے گودام لگژری گاڑیوں، پلاسٹک دانہ، الیکٹرونکس مصنوعات، پولٹری فیڈ اور بحق سرکار ضبط کیے گئے اور اربوں روپے مالیت کے سامان سے بھر گئے‘ گوداموں میں جگہ کی قلت اور بر وقت نیلامی نہ ہونے کے باعث کروڑوں روپے کی گاڑیاں اور سامان کھلے آسمان تلے پڑا پڑا ناکارہ ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس کے گوداموں میں سامان رکھنے کیلئے جگہ ختم ہوگئی ہے کسٹمز انٹیلی جنس کے گودام بحق سرکار ضبط کیے گئے سمگل شدہ کپڑے، گرم مصالحہ جات، موبائل فونز، ائیر کنڈیشنرز سمیت اربوں روپے مالیت کی الیکٹرونکس مصنوعات سے بھر گئے ہیں کسٹمز انٹیلی جنس کے احاطہ میں کروڑوں روپے مالیت کی لینڈ کروزرز، مارک ایکس، مرسیڈیز اور بی ایم ڈبلیو گاڑیاں کھڑے کھڑے ناکارہ ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیاگوداموں میں جگہ کی شدید قلت کے باعث کسٹمز انٹیلی جنس کے عملہ نے بحق سرکار ضبط ہونے والی اشیا کھلے آسمان تلے رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا بیش قیمت لگژری گاڑیوں اور سامان کی بروقت نیلامی نہ ہونے کے باعث بارشوں کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان ناکارہ ہو رہا ہے بحق سرکار ضبط کی گئی سمگل شدہ گاڑیاں کسٹمز انٹیلی جنس کے دفتر میں کھلے آسمان تلے کھڑی زنگ آلود ہورہی ہیں۔ کسٹمز انٹیلی جنس آفس کی سیڑھیوں اور گیلری میں بھی سمگل شدہ سامان رکھ دیا گیا ہے کسٹمز انٹیلی جنس حکام کے مطابق عدالتوں میں کیسز زیر التوا ہونے کی وجہ سے گاڑیوں اور سامان کی بروقت نیلامی نہیں ہورہی ہے ۔