لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کلبھوشن کی سزائے موت پر بھارتی حکومت ، میڈیا اور وزارت خارجہ کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔ بھارتی پالیسی ساز ہوش کے ناخن لیں اور دونوں ملکوں کے عوام کو تباہی کی طرف نہ دھکیلیں۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطہ میں امن نہیں آسکتا۔ بھارتی جاسوس حاضر سروس فوجی اور دہشتگرد ی نیٹ ورک کا کمانڈر تھا ۔ سزائے موت پاکستان کی سلامتی کے قوانین کے مطابق ہے ۔ فوج اور سول حکومت کے پاس امن دشمن اور انسانوں کے قاتل بھارتی ایجنٹ کو معافی دینے کا کوئی راستہ نہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام کے معاشی مسائل ، غربت ، بے روزگاری ، قرضہ اور سود کی لعنت کرپشن اور کرپٹ مافیا کی وجہ سے ہے ۔ کرپشن کا سر کچلنے سے ہی پاکستان مستحکم او ر وخوشحال ہو گا ۔ عوام منتظر ہیں کہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کرپشن کے خاتمے ، موثر احتساب کے روڈ میپ دے ۔ اگر اب بھی کرپشن کے تالاب کی بڑی مچھلیاں بچ گئیں تو ملک میں کرپشن کا سونامی آئے گا اور ہر طرح تباہی مچے گی ۔ لیاقت بلوچ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ سیریز جیتنے سے پاکستانی ٹیم کو عالمی مقابلہ میں براہ راست شرکت کا موقع مل گیاہے، سرفراز احمد کی قیادت میں اچھا کھیل پیش کیا گیا نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا تال میل بہت اچھا رہا۔