خبرنامہ پنجاب

کل 2016 کا آخری سورج گرہن ہوگا

محکمہ موسمیات:(اے پی پی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن کل ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق سورج گرہن صرف براعظم افریقہ اور گرد و نواح کے کچھ علاقوں ہی میں دیکھا جاسکے گا۔ مڈغاسکر، عرب، وسطی افریقہ اور ملحقہ علاقوں میں سورج گرہن زیادہ نمایاں ہوگا اور ان میں سے بعض مقامات پر مکمل سورج گرہن ہوگا تاہم پاکستان میں کہیں سے بھی یہ سورج گرہن دیکھا نہیں جاسکے گا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سورج گرہن کا آغازصبح 11 بج کر 13 منٹ پر ہوگا؛ 2 بج کر 8 منٹ پر گرہن اپنےعروج پر پہنچے گا جبکہ 5 بج کر ایک منٹ پر سورج گرہن مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق اگلے سال کا واحد سورج گرہن 21 اگست 2017 کو واقع ہوگا جو صرف شمالی اور وسطی امریکہ میں دیکھا جاسکے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ سورج گرہن 21 اگست 2017ء کی رات 8 بج کر 46 منٹ پر شروع ہوکر 22 اگست 2017ء کی صبح 2 بج کر 4 منٹ پر ختم ہوجائے گا یعنی یہ بھی پورے پاکستان میں کہیں دیکھا نہیں جاسکے گا۔ انسانی تاریخ کا سب سے منفرد مکمل سورج گرہن 11 اگست 1999 کے روز ہوا تھا جسے پاکستان سمیت دنیا کے کئی گنجان آباد شہروں میں دیکھا گیا تھا۔ اکثر گنجان آباد شہروں سے دیکھا جانے والا اگلا مکمل سورج گرہن چار سو سال بعد ہوگا۔