کمالیہ(اے پی پی)کمالیہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ 4 ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پکڑے گئے ڈاکو نے اسپتال میں دم توڑدیا۔ کمالیہ کے نواحی علاقے اووڈاں والی بستی کے قریب 5مسلح ڈاکو ؤں نے ایک کریانہ کی دکان لوٹنے کی کوشش کی۔ دکاندار محمد خالد نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔ دکاندار کے کزن وارث نے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی تو اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ فائرنگ کی آواز پر اہل علاقہ جمع ہوگئے۔ ایک ڈاکو ایوب شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا،جبکہ دیگر 4 ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پکڑے گئے ڈاکو کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد میں پولیس ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں اور پکڑے گئے زخمی ڈاکو کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ پہنچایا۔ جہاں ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے توڑ گیا۔