خبرنامہ پنجاب

کمپنیوں نے ٹی بی کی دوا بنانا بند کردی

لاہور(آئی این پی ) نرخوں میں اکیس فیصد اضافہ نہ ہونے پر دوا ساز کمپنیوں نے ٹی بی کی دوا تیار کرنا بند کر دیں ۔ مریض دوائی کیلئے خوار ہوتے پھر رہے ہیں ، دوائیں مارکیٹ سے غائب سینکڑوں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں ۔ قیمتیں نہ بڑھیں ، دوائیں بننا بند ، ٹی بی کے مریض خوار ہونے لگے ۔ دوا ساز کمپنیوں نے نرخوں میں 21 فیصد اضافہ کے لئے کیس ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں جمع کرایا ۔ ابھی تک کسی قسم کی کارروائی نہ ہو ئی تو کمپنیوں نے دوائیں تیار کرنا بند کر دیں ۔ مارکیٹ میں ٹی بی کے مریضوں کیلئے کوئی دوا نہیں ، مریض خوار ہوتے پھر رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی جاری تو ہے تاہم مریضوں کی رجسٹریشن کے علاوہ دیگر طویل قواعد و ضوابط کیلئے خوار ہونا پڑتا ہے ۔ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کی شکایات سامنے نہیں آئیں ۔ اگر ایسی صورتحال ہوئی تو فوری اقدامات کرتے ہوئے قلت کو دور کیا جائے گا ۔