خبرنامہ پنجاب

کچا جمال :آپریشن اختتامی مراحل میں داخل چھوٹو گینگ ہتھیار ڈالنے کو تیار

کچا جمال:(آئی این پی) کچے کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ، چھوٹو گینگ ہتھیار ڈالنے کیلئے تیار ہوگیا ، 24 مغوی پولیس اہلکاروں کے رہا ہونے کی بھی اطلاعات بھی ہیں ۔ سیکورٹی فورسز نے چھوٹو گینگ کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ۔ ڈاکوؤں کے فرار کے تمام راستے بند کرکے سیکورٹی فورسز نے فیصلہ کن ضرب لگائی ۔ پاک فوج کے جوانوں کی پیش قدمی کے بعد ڈاکو گڑھ کچا جمال میں مورچے چھوڑ کر جنگل کی طرف بھاگ نکلے ، فورسز کی جانب سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر زبردست گولہ باری بھی کی گئی ۔ فورسز نے دن بھر آپریشن کے دوران ڈاکوؤں پر کاری ضرب لگائی ۔ اس دوران ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے کی وارننگ دیتے ہوئے فضا سے پمفلٹ بھی پھینکے گئے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ 24 مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرنے پر مجبور ہوگیا ۔ فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں چھوٹو گینگ ہتھیار ڈالنے کیلئے تیار بھی ہوگیا ۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کرنے والے چھوٹو گینگ بالآخر ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوگیا اور پھر سیکورٹی فورسز نے ڈاکوؤں پر کاری ضرب لگائی ۔ پاک فوج کے جوانوں کی پیش قدمی چھوٹو گینگ کے گرد آخر زمین تنگ ہوگئی ۔ فرار کے تمام راستے بند ہوگئے ۔ راجن پور میں چھوٹو گینگ نے فورسز کے آگے ہتھیار ڈال دیئے ہیں ۔ 24 مغوی پولیس اہلکاروں کو بھی حوالے کرنے کا عندیہ دے دیا ۔ آپریشن کے دوران فوجی جوان کچا جمال کے علاقے میں داخل ہوگئے تھے ۔ ہیلی کاپٹرز کی شیلنگ نے ڈاکوؤں کو جنگل میں چھپنے پر مجبور کردیا تھا ۔ 22 روز تک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کرنے والے چھوٹو گینگ کے اراکین نے بالآخر آرمی کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ۔