راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) – راولپنڈی ریجن سمیت صوبہ بھر میں رواں سال کے دوران گاڑیوں کی پرانی رجسٹریشن بکس ختم کر کے سمارٹ کارڈ رجسٹریشن بکس جاری کرنے کا فیصلہ ،تمام ریجنز کے ڈائریکٹرز سے بھی سفارشات طلب کر لی گئیں ،سماٹ کارڈ رجسٹریشن بکس کے اجراکے بعد شہروں کے بجائے پنجاب کے نام پر تمام گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی جس کا علم صرف محکمہ ایکسائز کو ہی ہو گا کہ گاڑی کا نمبر کس شہر سے جاری کیا گیا ہے ۔محکمہ ایکسائز کے ذمہ دار ذرائع نے دنیا کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے رواں سال 2017میں راولپنڈی ریجن سمیت صوبہ بھر میں گاڑیوں کی سماٹ کارڈز رجسٹریشن بکس کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے جس کے اجرا کے بعد صوبہ بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس واپس کر کے سماٹ کارڈ رجسٹریشن بکس جاری کی جائیں گی جس کی کوئی اضافی فیس مقرر نہیں کی جائے گی ، تمام گاڑیوں کو کمپیوٹرائز ڈ نمبر پلیٹس بھی جاری کی جائیں گی جس میں سیریز متعلقہ شہر کے بجائے پنجاب کی ہوگی اور تمام گاڑیوں کو راولپنڈی ،لاہور یا دیگر شہروں کی سیریز کے نمبروں کے بجائے پنجاب کے نام سے نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی ،مثال کے طور پرکسی بھی گاڑی کو آر آئی یو (123) کی جگہ پنجاب(123) نمبر جاری ہوگا۔ ، منصوبے کے حوالے سے تمام ریجنل ڈائریکٹرز سے سفارشات طلب کر لی گئیں ۔