خبرنامہ پنجاب

گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے فل بینچ کو بھجوادی

لاہور(ملت + آئی این پی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لئے فل بینچ کو بھجوادی‘ جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ 31 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں جسٹس محمد انوارالحق اور جسٹس محمد قاسم خان پر مشتمل تین رکنی فل بنچ 31 اکتوبر کو عمران خان کے اسلام آباد کو بند کرنے کے اعلان، کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواستوں کے ساتھ ساتھ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر بھی سماعت کرے گا۔درخواست میں وفاقی حکومت، وزیرداخلہ،چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پولیس کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت احتجاج کو روکنے کے لئے کارکنوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی بھی پکڑ دھکڑ کر رہی ہے۔ حلیب فوڈ، اینگرو فوڈ سمیت دیگر فوڈ پراڈکٹس کمپنیوں کی درجنوں گاڑیوں کو بھی پکڑ لیا گیا ہے آئین کے آرٹیکل 8 کے تحت حکومت شہریوں کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کی پابند ہے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوڈ پراڈکٹس کی پکڑی گئی گاڑیاں چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو انہیں تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔