گجرات:(اے پی پی)گجرات کے علاقے محلہ شاہ دولہ میں روٹھی بیوی منانے میں ناکام شوہر نے مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی ، آگ لگنے سے متاثرہ شخص کا جسم 80 فیصد جھلس گیا ۔ پولیس کے مطابق 32 سالہ ذیشان کی کنول نامی خاتون سے دو ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی ، تاہم گھریلو ناچاقی کے باعث ذیشان کی اہلیہ روٹھ کر میکے جا بیٹھی تھی ، جس کے باعث کئی بار بیوی کو منانے میں ناکام شوہر نےاقدام خودکشی کا فیصلہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لی ۔ ادھر متاثرہ شخص کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ ذیشان کو اُس کی بیوی اور سسرالی رشتے داروں نے تیل چھڑک کر آگ لگائی ہے، متاثرہ شخص کا جسم 80 فیصد جھلس چکا ہے اور اسے علاج کے لیے لاہور منتقل کردیا گیا ہے ۔