گجرانوالہ: ایک بھائی کی خودکشی کا صدمہ دیگر 2 بھائیوں کی جان لے گیا
گجرانوالا:(ملت آن لائن) صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ میں ایک بھائی کی خودکشی کا صدمہ دیگر دو بھائی برداشت نہ کرسکے اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، جس کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔ تھانا صدر پولیس کے مطابق الیاس کالونی کے رہائشی 35 سالہ زاہد علی نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ چھوٹے بھائی کی موت کی خبر سنتے ہی 40 سالہ عباس علی کی حالت خراب ہوگئی، جسے اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ جب زاہد اور عباس کی میتیں گھر لائی گئیں تو تیسرا بھائی 28 سالہ صدام علی بھی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ تینوں بھائیوں کے جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ خودکشی کرنے والا زاہد ویلڈنگ کا کام کرتا تھا اور ایک بچی کا باپ تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زاہد کی خودکشی کی وجہ کا علم نہیں۔ دوسری جانب پولیس نے زاہد کی خودکشی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
گجرانوالہ: ایک بھائی کی خودکشی کا صدمہ دیگر 2 بھائیوں کی جان لے گیا