خبرنامہ پنجاب

گرمی کی شدت میں اضافہ ‘ پنجاب بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈ نگ بھی شروع ہوگئی

لاہور(آئی این پی)گر می کی شدت میں اضافے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈ نگ بھی شروع ہو گئی ‘ بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 جبکہ چھوٹے شہروں میں 12گھنٹے تک بڑھادیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا بحران بدستور جاری ہے اور موسم گرم ہوتے ہی بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 150 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے پاکستان میں بجلی کی پیداوار 12 ہزارایک سو میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی طلب 17 ہزار 250 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب میں اضافے کی بڑی وجہ گرمیوں میں ایئر کنڈیشنر اور پنکھوں کے استعمال میں اضافہ ہے ۔ بجلی کے شارٹ فال کی وجہ سے ملک بھر میں بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 جبکہ چھوٹے شہروں میں 12گھنٹے تک بڑھادیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام سخت گرمی میں سخت پریشان ہیں اور بعض شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سخت احتجاج کیا جارہا ہے۔