لاہور:(ملت آن لائن) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پاکستان اتنا مقروض کر دیا گیا کہ آج عوام کو کوئی راستہ نہیں مل رہا۔ گزشتہ 10 سال میں کرپٹ عناصر عوام کو 36 ارب ڈالر کا مقروض بنا گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آنے والے وکٹری کے نشان بناتے ہیں، کرپشن کیسز میں پیش ہونے والے کس فتح کا نشان بناتے ہیں؟ اربوں روپے قرضہ لیا گیا، یہ قرض کس کی جیبوں میں گیا؟
فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ عوام کو سب پتہ ہے اب مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، وزیراعظم عمران خان کی صورت میں قوم کو امید نظر آئی ہے۔ جب بھی کرپشن کی بات ہوتی ہے تو ان کی جمہوریت کو خطرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں کک بیکس اور لوٹ کا مال ہڑپ کرنے کو جمہوریت کہتے ہیں۔ پاکستان اتنا مقروض کر دیا گیا کہ آج عوام کو کوئی راستہ نہیں مل رہا۔ گزشتہ 10 سال میں یہ لوگ عوام کو 36 ارب ڈالر کا مقروض بنا گئے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہماری تباہی اور بربادی کی بڑی وجہ کرپشن ہے، اپنے فائدے کے لیے 56 کمپنیاں بنائی گئیں تمام خسارے میں گئیں۔ خسارہ حکومت پاکستان کے خزانے نے برداشت کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ کھانے والوں کی اللہ کے ہاں کوئی معافی نہیں ہے، کرپشن کرنے والے خود کو ہیرو بنا کر پیش کرتے ہیں۔ گریڈ 19 کے افسر کے بچے امریکا میں پڑھائی کر رہے ہیں، کوئی پوچھنے والا اور احتساب کرنے والا نہیں تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
فیاض الحسن نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت نے دبئی میں جائیدادوں کا سراغ لگایا، بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں کے سراغ لگائے جا رہے ہیں۔ غیر جانبدار اور بلا امتیاز احتساب سب کا ہوگا کوئی نہیں بچے گا۔ ’ملک کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہوگا‘۔