گوجرانوالہ (آئی این پی )گوجرانوالہ میں سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد نے پولیس پر دھاوا بول دیا۔ ڈنڈوں اور تھپڑوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، ایس ایچ او سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ واہنڈو میں پولیس سرچ آپریشن کیلئے پہنچی تو علاقہ مکینوں نے پولیس پر ہلہ بول دیا۔ پولیس اہلکاروں پر ڈنڈے برسائے جس سے ایس ایچ او سمیت کئی اہلکار زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے گرفتاریوں پر شدید مزاحمت کی جبکہ میڈیاکی ٹیم کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ کشیدگی بڑھنے پر پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی جبکہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس نے تشدد میں ملوث انسپکٹر عبدالعظیم کاہلو سمیت 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس پی ڈاکٹر رضوان کے مطابق گرفتار انسپکٹر سیالکوٹ میں تعینات ہے۔ گرفتار تمام افراد کو تھانے منتقل کر دیا گیا ۔