گوجرانوالہ(آئی این پی) گوجرانوالہ کے علاقہ شریف پورہ میں مبینہ طور پر ایک جعلی عامل نے جن نکالنے کے چکر میں ایک شخص کی جان ہی نکال دی۔ تفصیلات کے مطابق عامل بابا سائیں نے جن نکالنے کے لیے 60 سالہ عبدالستار نامی شخص کا چہرہ دہکتے ہوئے کوئلوں پر رکھ کر اوپرحواری بٹھا دئے۔ دہکتے ہوئے کوئلوں پر چہرہ بْری طرح جھلسنے کے سبب عبدالستار دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق عبد الستار بیمار تھا جس پر اہل خانہ نے گوجرہ سے عامل بابا سائیں کو علاج کے لیے بلوایا تھا، عبد الستار کے بیٹے ابوبکر نے بتایا کہ باپ کی چیخ و پکار سن کر ہم کمرے میں گئے تو عامل نے یہ کہہ کر باہر نکال دیا کہ تمہارا باپ ٹھیک ہو رہا ہے۔ جب باپ آخری سانسیں لینے لگا تو عامل نے اندر بلا کر کہا کہ اپنے باپ کو لے جاؤ اور اسے پانی پلاؤ۔ ابوبکر نے بتایا کہ ہم کمرے میں گئے تو ہمارے والد کا انتقال ہوچکا تھا۔ جبکہ بابا سائیں اپنے دو ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے عبد الستار کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ جعلی عامل اور اس کے ساتھیوں کی تلاش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔