گوجرانوالہ.:(آئی این پی)گوجرانوالہ میں شناختی کارڈ کے حصول کے لئے نادراآفس آنے والی خاتون کوموت مل گئی،اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہےکہ سیکورٹی گارڈ کے دھکےسےزمین پر گرنے سے خاتون کی موت واقع ہوئی ہے، جبکہ ڈاکٹرزکے مطابق موت دل کا دورہ پڑنے سےہوئی ۔نوشہرہ روڈ کی رہائشی پچپن سالہ خاتون رسولاں بی بی اپنے داماد کے ساتھ شناختی کارڈ کے حصول کیلئے شیخوپورہ موڑ کے قریب واقع نادراہ آفس آئی تو عملہ نے انہیں آفس کے باہر لگی لمبی لائن میں کھڑا کر دیا۔معمر خاتون اپنی باری کیلئے لائن میں کھڑی تھی کہ اچانک دھکا لگنے سے زمین پر گر کر جاں بحق ہوگئی ۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ نادرا آفس کے باہر موجود سیکورٹی گارڈ کے دھکادینے سے خاتون کی موت واقع ہوئی ہے۔اسپتال ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ رسولاں بی بی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی ہے ۔تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔