لاہور: (ملت+آئی این پی) گوجرانوالہ کے شہری رضوان کو محبت کی شادی مہنگی پڑ گئی‘ لڑکی والوں نے معاف کرنے کے لیے لڑکے سے اس کی بہن کا رشتہ مانگ لیا، انکار پر ساری فیملی کو اغوا کے کیس میں گرفتار کرا دیا۔تفصیلات کے مطابق رضوان احمد نے ساندہ لاہور کی عندلیب نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تو لڑکی کے والدین کو علم ہوگیا جس پر انہوں نے رضوان کی بہن کا رشتہ مانگ لیا اور صلح کے لیے یہ شرط رکھ دی، رضوان کے گھر والوں نے انکار کیا تو اس کے والدین، چچا، بھائی اور بہن کو اغوا کے مقدمے میں ملوث کرکے تھانہ ساندہ میں مقدمہ درج کرا دیا۔ ثریا فرزند ایڈووکیٹ کی وساطت سے رضوان کے اہلخانہ کو گوجرانوالہ سے لا کر لاہور کی سیشن عدالت میں پیش کیا گیااہلخانہ نے بتایاکہ وہ وٹہ سٹہ کا رشتہ نہیں کرتے اس لیے انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسا دیا گیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پانچوں افراد کی ضمانت منظور کرلی اور ساندہ پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ 7 جنوری کوطلب کرلیا۔