گوجرانوالہ: (اے پی پی)پولیس نے گاڑی چوری کرنے والے 5 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان ماسٹر’’ کی‘‘سے کسی بھی گاڑی کا لاک کھولنے میں ماہر ہیں۔ ایس پی سٹی طاہر مقصود چھینہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے کاریں چوری کرنے والے 5 رکنی گینگ کو سرغنہ عبدالرشید سمیت تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ باغبانپورہ گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ۔ ملزمان نے دوران تفتیش 29 کاروں کی چوری کا اعتراف کیا ہے جن میں 9 کاریں برآمد بھی کر لی گئی ہیں، ملزمان ماسٹر ’’کی ‘‘کی مدد سے کسی بھی کار کا لاک باآسانی کھول سکتے ہیں۔ کار چوری کرنے کے بعد ملزمان پشاورمیں موجود اپنے ساتھیوں کی مدد سے کار کی جعلی رجسٹریشن کاپی او ر نمبر پلیٹس تیار کرکے ان کاروں کو دوسرے شہروں میں فروخت کر دیتے تھے پولیس نے پانچوں ملزمان سے بر آمد کی گئی کاریں اور اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کر دیا ۔