خبرنامہ پنجاب

گوجرانوالہ: گیپکوغیرقانونی بھرتیاں دوافسرگرفتار

گوجرانوالہ:(اے پی پی)نیب نے غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گیپکو کے 2 ریٹائرڈ افسران کو گرفتار کرلیا ہے ۔ دونوں افسران نے کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں کیں اور بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں ۔ نیب کی ایک ٹیم نے گوجرانوالہ میں کارروائی کی اور غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں گیپکو کے 2 ریٹائرڈ افسران کو گرفتار کرلیا ہے ، گرفتار ہونے والوں میں گیپکو کے سابق چیف ایگزیکٹو محمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز حشمت علی کاظمی شامل ہیں ۔ دونوں افسران کچھ عرصہ قبل ہی گیپکو سے ریٹائرڈ ہوئے تھے ، افسران پر الزام ہے کہ کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں کیں ، بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں ۔ نیب محمد ابراہیم مجوکہ اور حشمت علی کاظمی کے خلاف چند ماہ سے تحقیقات کر رہا تھا ۔ نیب کی کارروائی سے کرپٹ افسران میں کھلبلی مچ گئی ۔ ذرائع کے مطابق نیب میں گوجرانوالہ کے بعض دیگر سرکاری افسروں کے کرپٹ افسران کے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ نیب حکام نے محمد ابراہیم مجوکہ اور حشمت علی کاظمی کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی ریکارڈ حاصل کرلیا ہے ۔ غیر قانونی بھرتیاں کرنے کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں میں بھی کرپشن ہوئی ۔