لاہور:(اے پی پی)پنجاب میں گھوسٹ تنوروں کا انکشاف پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے اس وقت ہوا جب کمیٹی محکمہ خوراک کے آڈٹ کا جائزہ لے رہی تھی۔ کمیٹی کے سامنے یہ امر آیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں گھوسٹ تنوروں کے نام پر سستا آٹا حاصل کیا گیا جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے متفقہ طور پر اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں گھوسٹ تنوروں کے معاملے پر محکمہ خوراک اور انڈسٹریز نے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہے کہ بہاولپور سمیت پنجاب کے سات سے زائد اضلاع میں گھوسٹ تنوروں کے نام پر سستا آٹا فراہم کیا جاتا رہا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کہنا ہے کہ گھوسٹ تنوروں کے معاملے پر تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ کون سستا آٹا کھاتا رہا ہے۔