خبرنامہ پنجاب

گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے خلاف ا حتجاجی مظاہرے

ملتان(ملت+آئی این پی) جماعت اسلامی ضلع ملتان کی جانب سے گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں میں متوقع اضافے اور گیس بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی وبیروزگاری کے خلاف چوک حسین آگاہی پر ڈسٹرکٹ سٹی ملتان کے امیر میاں آصف محمود اخوانی ، ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، ڈاکٹر خالد رشید، صہیب عمار صدیقی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں زونل اُمراء رانا طارق نعیم، پروفیسر ڈاکٹر علی اصغر سلیمی، حافظ عبدالرحمن، خواجہ عبیدالرحمن ، کنور محمد صدیق، عبدالرحمن حیدری،عمر خان مغل ، مزدور رہنما شاہ ولی راجپوت، عاقل قریشی، عاصم بھٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے جماعت اسلامی کے کلمہ طیبہ والے پرچم وبینرز ، کتبے اُٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ، مظاہرہ کی وجہ سے ٹریفک جام رہی، پولیس کی بھاری نفری بھی مظاہرے کے موقع پر موجود رہی۔ اس موقع پر میاں آصف محمود اخوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے موقع پر میاں نواز شریف ، شہباز شریف کے عوام کے عوام سے کئے گئے وعدے ، سہانے خواب بن کر رہ گئے ہیں حکمرانوں نے وعدہ کیا تھا کہ 6ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا مگر3سال ہونے کو آئے مگر لوڈشیڈنگ ختم ہونے کی بجائے مزید اضافہ ہوگیا ہے اور اب گیس کی لوڈشیڈنگ نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں میں36فیصد اضافے کی سفارش عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے عوام پہلے مہنگائی وبیروزگاری کے ہاتھوں پریشان ہیں اس سے مزید مہنگائی میں اضافہ ہوگا جو ناقابل برداشت ہے حکومت پہلے ایک سال کے عرصہ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں35روپے فی کلو گرام اضافہ کرچکی ہے ۔انہوں نے ہمارا مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے اور گیس، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا واحد حل کرپٹ حکمرانوں سے نجات اور دیانتدار ، خوف خدا رکھنے والی قیادت کو اقتدار میں لانا ہے ۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کی قیادت کے دامن پر کوئی دھبہ نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ادارے نیب کے مطابق روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے کرپٹ حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کرنے اور کرپشن کے خاتمے سے گیس، بجلی و توانائی کے نہ صرف بحران حل ہونگے بلکہ مہنگائی وبیروزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا لوگوں کو تعلیم، صحت جیسی بنیادی ضروریات مفت مہیا ہونگیں ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، کنور محمد صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے اُلٹا آئے روز قیمتوں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کے بم گرارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گیس ، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا ایک طوفان آئے گا ور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا عوام کیلئے زندہ رہنا مزید مشکل ہوجائے گاحکومت ہوش کے ناخن لے ، قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لے ورنہ عوام سڑکوں پر نکل کر حکمرانوں کا دھڑن تختہ کردینگے۔