خبرنامہ پنجاب

ہائیکورٹ کا یونانی،ہربل اورہومیوپیتھک ادویات کی فیکٹریوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہورہائیکورٹ نے یونانی،ہربل اورہومیوپیتھک ادویات کی فیکٹریوں کو ڈی سیل کرنے اورمالکان کو 15روز میں ادویات کی رجسٹریشن کرانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس عابد شیخ نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔فاضل عدالت کے رو برو موقف اختیار کیاگیا کہ پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے مسلسل یونانی،ہربل اور ہومیو پیھک ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اورمتعدد فیکٹریوں کو سیل بھی کیاگیا ۔حکومت اور محکمہ صحت کو ڈرگ ایکٹ کے تحت ایسی کاروائی کا اختیار حاصل نہیں ۔فاضل عدالت نے حکومت کو تمام فیکٹریاں ڈی سیل کرنے کاحکم دیتے ہوئے ادویہ ساز فیکٹری کے مالکان کو 15روز میں ادویات کی رجسٹریشن کرانے کاحکم دیدیا ۔ فاضل عدالت نے مزید حکم صادر کیا ہے کہ فیکٹری ڈی سیل ہونے کے بعد لائسنس کے حصول تک ادویات کی مینو فیکچرنگ کی اجازت نہیں ہو گی ۔