خبرنامہ پنجاب

ہمیں پولیوکےخاتمےکی کوششیں تیزکرنا ہوں گی: تارڑ

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کی کوششیں تیز کرنا ہوں گی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو مہم کو مزید بہتر بنانا ہو گا۔وہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں ۔ وزیر قومی صحت نے پولیو میں اب تک کی کارکردگی کی سراہا اور کہا کہ پولیو کے خاتمے میں بہترین نتائج ملک بھر میں قائم کردہ مربوط مانیٹرنگ کے نظام او ر وفاقی اور صوبائی پولیو انتظامیہ کی کوششوں کی ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اپریشن سینٹر کے ذریعے کارکردگی کا شفاف انداز میں جائزہ اور مسائل کی نشاندہی انتہائی کارگر حکمت عملی ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے پولیو ورکرز کی کاؤشوں او ر قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ان ورکرز کی کارکردگی پر ہمیں فخر ہے۔ اس موقع پر پولیو کے قومی کوارڈی نیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے وزیر صحت کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان سے پولیو مہم کے حوالے سے اور بین الاسرحد پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوارڈی نیشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم پولیو کے کیسز میں مسلسل کمی دیکھ رہے ہیں اور پولیو وائرس کے حوالے سے حاصل کردہ ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں پولیو مہم کے ذریعے 28 کروڑ پولیو خوراکیں ملائی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ، شمالی سندھ اور جنوبی خیبر پختونخواہ میں درپیش چیلنجز کی نشاندہی کی۔