خبرنامہ پنجاب

ہم ماحولیاتی تغیر سے بری طرح متاثر ہیں‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور(آئی این پی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے لیکن ہم موسمیاتی تغیر کے نقصانات سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس ماحولیاتی قانون اور پالیسی سے متعلق چار روزہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جو کہ سنگاپور نیشنل یونیورسٹی کے ایشیاء پیسیفک سنٹر برائے ماحولیاتی قانون میں منعقد ہو رہی ہے۔کانفرنس سے خصوصی خطاب کر تے ہوئے فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیات کے شعبہ میں خاطر خواہ کام ہورہا ہے اور ملک میں وفاقی اور صوبائی سطح پر گرین کورٹس کا قیام بھی عمل لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی انصاف کی فراہمی کے ضمن میں ماحولیاتی قانون کو اہم مقام حاصل ہو چکا ہے اور اس کے لئے ماحولیاتی ماہرین کی ضرورت وقت کا اہم تقاضا ہے ، اس لئے ماحولیاتی معاملات کو نمٹانے کیلئے لوکل کمیشن مقرر کئے گئے ہیں۔ جدید دور میں کلائمیٹ جسٹس کا نیا تصور سامنے آیا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے اس امر کی نشاندہی کی کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سیلاب آئے ہیں جس سے وسیع پیمانے پر تباہی اور نقل مکانی عمل میں آئی ہے ، اس موقع پر فاضل چیف جسٹس نے لاہور ہائی کورٹ کے گرین بنچ میں زیر سماعت لغاری کیس کا حوالہ دیا جس کے تحت پاکستان میں ماحولیاتی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام مختصر، درمیانی اور طویل المدتی حکمت عملی وضع کر رہے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ بد قسمتی سے سنگاپور یونیورسٹی کا ایشیاء پیسیفک سنٹر برائے ماحولیاتی قانون علم کا گہوارہ ہے لیکن اس کے باوجود برسوں سے پاکستان کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے زیر انتظا م پنجاب جوڈیشل اکیڈمی بڑی متحرک ہے ، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی اور سنگاپور کے سنٹر فار انورمنٹل لاء کے مشترکہ منصوبوں سے علم قانون کے میدان میں دونو ں ممالک مستفید ہونگے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہسنگا پور نیشنل یونیورسٹی ایشیاء پیسیفک انورنمنٹل لاء سنٹرکی بیسویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے سنگا پور کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔ فاضل چیف جسٹس سپریم کورٹ کمیٹی برائے فروغ ماحولیاتی انصاف کے رکن ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے 1997/98 میں بھی سنگا پور کے مذکورہ سینٹرکے منعقدہ تربیتی پروگراموں کے علاوہ متعدد ایسی بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کر چکے ہیں اور پاکستان میں گرین کورٹس اور عدلیہ کیلئے ماحولیاتی تعلیم میں سیر حاصل مطالعہ کے حامل اور رہنما ہیں۔