لاہو: (ملت آن لائن)یوم آزادی پر شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ بھرکے وائلڈلائف پارکس اور چڑیا گھروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں ۔ اس حوالے سے محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے مرکزی دفتر سے جاری مراسلے میں ناجائز شکار کی روک تھام کیلئے تمام فیلڈافسران واہلکاران کو بھی یوم آزادی پر اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہنے کی ہدا یت کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے یوم آزادی پر تمام وائلڈ لائف پارکس ، چڑیا گھروں اور بریڈنگ سنٹرز کے انچارج افسران کو سکیورٹی انتظامات بارے جاری کردہ ایس او پی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے ، صبح سے شام تک ڈیوٹی پر موجود رہنے ،کسی بھی وزیٹر کو چیک کئے بغیر پارک میں داخل نہ ہونے دینے اور سیاحوں کیلئے صاف اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنے کی بھی ہدا یت کی ہے۔مراسلے میں وائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھروں میں موجودکیفے ٹیریازاور سٹالز میں سیاحوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انچار ج افسران کو ریٹ لسٹ پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید براں سیاحوں کے غیر معمولی رش کے باعث چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس کے باہر ٹریفک کابہاؤ برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ جاری کردہ ایس او پی کے مطابق تمام انچارج افسران اپنے اپنے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس کے متعلقہ پولیس اسٹیشنز اور بم ڈسپوزل اسکواڈز سے قریبی رابطہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔ جاری کردہ ایس اور پی پر عدم عملدرآمد کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئیگی ۔