خبرنامہ پنجاب

یوم آزادی کے موقع پر تمام مساجد میں قرآن خوانی کی خصوصی محافل کے انعقاد کا اعلان: محکمہ اوقاف و مذہبی امور

فیصل آباد:(ملت آن لائن) محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان کے موقع پر فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کی تمام مساجد میں قرآن خوانی کی خصوصی محافل کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یوم آزادی کے مبارک موقع پر تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی، ملکی استحکام ، اندرونی و بیرونی خلفشار سے نجات ، جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ، قدرتی آفات ، ناگہانی حادثات ، افسوسناک سانحات سے بچاؤ ، اتحاد بین المسلمین ، بین المذاہب ہم آہنگی ، اخوت و یگانگت ، بھائی چارے کی فضاء کے فروغ ، انتہا پسندی ، دہشت گردی سے نجات ، عوامی خوشحالی، قومی فلاح ، علاقائی تعمیر و ترقی ، امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ محکمہ اوقاف فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایا کہ یوم آزادی کے موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت ، غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔