خبرنامہ پنجاب

یونیسکو نے اورنج لائن ٹرین پر کام جاری رکھنے اور روٹ تبدیل نہ کرنے کی اجازت دے دی

لاہور(آئی این پی) اورنج لائن سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ یونیسکو نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام جاری رکھنے ‘ اس کا ٹریک شالاما رباغ کے باہر سے بلندی پر گزارنے اور اس کا روٹ تبدیل نہ کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ استنبول میں منعقدہ ورلڈ ہیریٹیج کمیٹی کے 40ویں اجلاس میں اتفاق رائے سے پاکستان کی قرار داد کی منظوری بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے موقف کی کامیابی ہے ۔جلد ہی اس اجلاس کی کارروائی اور منٹس آف میٹنگ ہمارے حوالے کر دیئے جائیں گے ۔عالمی ادارے کا یہ فیصلہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مدد گار ثابت ہو گا وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا ہے کہ منصوبے پر کام کرنے والے مزدوں کے لئے حفاظتی تدابیر کا معیار بتدریج بہتر ہوا ہے تا ہم طے شدہ سیفٹی سٹینڈرڈزکی باقاعدگی سے سختی کے ساتھ پابندی کروانے کی ضرورت ہے ‘ میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کرنے والے تمام مزدوروں اور کارکنوں کا ہیلمٹ ‘ جیکٹ ‘ گلوز اور شو ز پہننا اوربلندی پر کام کرنے والے مزدوروں کے لئے بیلٹ پہننا لازمی ہے ‘ ان کے لئے حفاظتی جال بھی بچھایا جائے‘کھدائی کے مقامات پر خبردار کرنے والے ٹیپ لگائی جائے اور دیگر حفاظتی تدابیر پرعمل درآمد کرنا یقینی بنایا جائے ۔ گر می یا کسی بھی اور عذر کی بنیاد پر اس سلسلے میں کسی نرمی یا انکار کی گنجائش نہیں ۔ قیمتی ا نسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لئے حفاظتی تدابیر پر نہ صرف سختی سے عمل درآمد کیا جائے بلکہ انہیں مزید بہتر بنایا جائے اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا 40فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا52 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا37فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا34.5فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا33فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اور اسے شیڈول کے مطابق سال رواں کے آخر تک مکمل کرنے کے لئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیاکہ میٹرو ٹرین کے راستے میں آنے والے چاروں سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے سے پہلے پہلے مکمل کر لیا جائے تاکہ اس کی وجہ سے طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔۔اجلاس کو بتایا گیا کہ واسا نے منصوبے کے لئے حاجی کیمپ سے براستہ میکلوڈ روڈ ‘ چوبرجی دریائے راوی تک نئی ڈرین کا منصوبہ تیار کیاہے جس کا پی سی ون محکمہ منصوبہ بندی اور ترقیات میں جمع کروا دیا گیا ہے۔ منصوبے کی منظوری پر ڈرین کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا ۔خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے ہارٹی کلچر کا پلان تیار کیا جائے اور اسے سٹیئرنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے ۔میو ہسپتال کے لئے بجلی کی ضروریات کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے اور تعمیراتی کام کے سلسلے میں شٹ ڈاؤن سے پہلے جنریٹرز کی لازمی بندوبست کیا جائے۔اجلاس میں ایم پی اے چوہدری شہباز احمد‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید‘ ڈی سی او محمد عثمان‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن ‘ اور نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

Back to Conversion Tool

Urdu Home