خبرنامہ پنجاب

1681ارب 41 کروڑ کا متوازن بجٹ‘ تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ

لاہور13جون:۔۔۔ صوبائی وزیرخزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے مالی سال2016-17 کے لئے 1681 ارب41 کروڑ روپے کا متوازن بجٹ پیش کر دیا۔ وزیرخزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشیا نے پنجاب اسمبلی میں بجٹ تقریر پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران تعلیم‘ صحت‘ زراعت‘ صاف پانی کی فراہمی اور امن و امان کے شعبے ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا نصب العین عوامی فلاح و بہبود‘ معاشی ترقی اور انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہے۔ آئندہ بجٹ بھی انہی ترجیحات اور پالیسیوں کے حصول کی طرف ایک قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل ریونیو وصول کی مد میں1319 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اوراین ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاقی حکومت سے ٹیکسوں میں مد میں 39 ارب روپے صوبائی حصہ وصول ہونے کا تخمینہ ہے۔صوبائی ریونیو میں 280 ارب روپے کی آمدنی متوقع،ٹیکسوں میں مد میں 184 ارب 40کروڑ روپے ،نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 95 ارب 61 کروڑ روپے ہونے کی توقع ہے۔تعلیم ،صحت،زراعت،صاف پانی کی فراہمی اور امن عامہ کے لئے کل بجٹ کا 57 فیصد یعنی 804 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تعلیم کے شعبے میں گزشتہ سال کی نسبت47 فیصد اور سکول ایجوکیشن ترقیاتی بجٹ پر 71 فیصد زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز ہے۔ وزیرخزانہ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں صحت کے ترقیاتی بجٹ میں 62 فیصد اضافہ ہو گا۔زراعت ،آبپاشی،لائیو سٹاک،جنگلات،ماہی پروری اور خوراک کے لئے مختص بجٹ میں 47 فیصد اضافہ ہو گا۔صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختص بجٹ 88 فیصد بڑھا دیاگیاہے۔امن عامہ کے لئے 48 فیصد سے زائد رقم مختص کی جا رہی ہے۔ ترقیاتی پروگرام کے لئے بجٹ کا حجم550 ارب روپے ،گزشتہ سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں 37.5 فیصد اضافہ ہو گا۔نئے مالی بجٹ کے ترقیاتی پروگرام کے نتیجے میں روزگار کے 5 لاکھ نئے مواقع پیداہوں گے۔2016-17 میں جاری اخراجات کا کل تخمینہ849 ارب 94 کروڑ روپے ہے۔تعلیم ،صحت ،واٹر سپلائی سینی ٹیشن،ویمن ڈویلپمنٹ،سوشل سیکٹرکے شعبوں کے لئے31 فیصد یعنی 168 ارب 87 کروڑ روپے کی ترقیاتی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔صوبائی وزیرخزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بجٹ غریب عوام کی خدمت اور پنجاب کی ترقی کے مقدس عہد نامے کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں اس عہدنامے کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے تمام تر توانائیاں وقف کریں گے۔صوبائی وزیرخزانہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت کے طے شدہ فارمولے کے تحت صوبائی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔