خبرنامہ پنجاب

4 افراد کی پر اسرار ہلاکت کا معاملہ‘ تفتیش کا رخ متعین کرنے کیلئے ٹیم تشکیل

لاہور(ملت + آئی این پی) لاہور کے نواب ٹاون میں 4 افراد کی پر اسرار ہلاکت کا معاملہ‘ تفتیش کا رخ متعین کرنے کیلئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق تفتیش کا رخ متعین کرنے کیلئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمد چوہدری کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں سی آئی اے، انویسٹی گیشن اور ہومی سائیڈ کے افسران شامل ہیں ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ پولیس تمام پہلووں پر تفتیش کررہی ہے اور تفتیش کی سمت کا تعین کرنے کیلئے پولیس کو پوسٹمارٹم اور فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے جو آج یا کل موصول ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر زیادہ تر شواہد عبدالمالک کے خلاف جارہے ہیں جس نے پہلے بیوی اور بچوں کو قتل کیا اور بعد میں خود کشی کرلی تاہم پولیس حتمی رپورٹ فرانزک اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد کرے گی۔