کوئٹہ(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفساد کے تحت کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی اور دہشت گرد مایوس ہو کر آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن پاک فوج عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا اور سربراہ پاک فوج کو صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے کوئٹہ میں دہشتگرد واقعات میں کمی پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور آپریشن ردالفساد کے تحت کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات اور فرقہ وارانہ حملوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف سی، پولیس، پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ فراریوں کے ہتھیارڈالنے میں اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان پر میری بھرپور توجہ ہے اور دوسرے صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی خوشحالی اہم مقصد ہے جب کہ دہشتگرد مایوس ہو کرقانون نافذ کرنے والے اداروں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
اس سے قبل آرمی چیف نے پاک فوج جوانوں اور آفسروں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی فوج ہیں اور ان کی مکمل حمایت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔