قومی دفاع

آرمی چیف اور افغان صدر کی ملاقات، غلط فہمیاں دور کرنے پر اتفاق

آرمی چیف اور افغان صدر کی ملاقات، غلط فہمیاں دور کرنے پر اتفاق

راولپنڈی، کابل(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خاتمے سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلیے اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورہ پر کابل پہنچے جہاں ان کا افغان ہم منصب نے استقبال کیا اور آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے صدارتی محل میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ افغان میڈیا کے مطابق افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات میں آرمی چیف نے دو طرفہ تعلقات، خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر کو افغان فورسز کی تربیت کی پیشکش کی جبکہ افغان صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دوست ہیں اور دونوں ممالک کو امن و استحکام کیلیے ساتھ مل کر چلنا چاہیے۔ آرمی چیف اور افغان صدر کے درمیان ملاقات میں نان اسٹیٹ ایکٹرز کو روکنے پر بھی گفتگو ہوئی جب کہ مشترکہ خطرات سے نمٹنے اور دیرپا امن کے حوالے سے بھی تبادلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انٹیلی جنس، عوامی رابطوں اور تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔