آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا دورہ آواران، کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد رکھا
راولپنڈی:(ملت آن لائن) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خطے میں ترقی و استحکام کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلوچستان میں استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواران کے دورے کے موقع پر مقامی عمائدین اورعلاقے میں متعین فوجی جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے آواران کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ بلو چستان، کمانڈرسدرن کمانڈبھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پرانہوں نے تربت بلیدہ روڈ کے کام کا افتتاح اور جھاؤ میں کیڈٹ کالج آواران کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو جنرل آفیسرکمانڈنگ میجرجنرل ذکی نے سیکیورٹی اقدامات اور سماجی و اقتصادی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس میں خوشحال بلوچستان کے مختلف پہلوؤں کاجائزہ لیاگیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قومی عزم کے ساتھ ہی صوبے میں استحکام اور ترقی کی منزل حاصل ہو سکے گی۔ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت بلوچستان کے عوام کو ان کا حق ملے گا۔ آرمی چیف نے مقامی عمائدین اورعلاقے میں متعین فوجی جوانوں سے بات چیت کی، انہوں نے قیام استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر سیکیورٹی فورسز اورسول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ خطے میں ترقی و استحکام کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلوچستان میں قیام استحکام کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیڈٹ کالج آواران میں ابتدائی طورپر 800 کیڈٹس کی گنجائش ہوگی جو بتدریج بڑھائی جائے گی، یہ منصوبہ دو سال کے عرصے میں مکمل کیاجائےگا۔ مذکورہ کالج میں ہاسٹل اور فیکلٹی پاک آرمی انجینئرز تعمیر کریں گے، ابتدائی طور پر300 کیڈٹس کو ہاسٹل کی سہولت میسر ہوگی۔