قومی دفاع

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے
تہران(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ آئی اسی پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں، اپنے دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ ایران کی اعلیٰ ترین سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایران کی قیادت سے خطے کی صورت حال، سرحدی امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف اور ایرانی سفیر کے درمیان ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی جس میں علاقائی سلامتی، پاک ایران بارڈر مینجمنٹ اور دفاعی شعبوں میں تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا جب کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عزم کیا۔