راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک وزیر خارجہ جنرل ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک ترک تعلقات سمیت علاقائی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
آرمی چیف اور ترک وزیر خارجہ کے درمیان دفاع اور سلامتی سے متعلق دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے خطے کے تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے لیے ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔