راولپنڈی (ملت + اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکش چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہلوسی اکار نے بدھ کو ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی اور سلامتی کے امور زیر غور آئے۔ مہمان شخصیت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے شروع کئے گئے آپریشن ’’ردالفساد‘‘ کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین فوجی تعلقات کو مزید وسعت دینی چاہئے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا تعاون خطہ میں امن و سلامتی کیلئے مثبت قدم ہے۔ قبل ازیں ترک چیف جب جی ایچ کیو پہنچے تو انہیں چاق و چوبند دستے نے سلامی دی جس کے بعد انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔