راولپنڈی: (ملت+اے پہی پی) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل نے سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کھاریاں کا دورہ کیا اور جہلم میں پاک فوج کے نشانہ بازی کے مقابلوں کے اختتامی سیشن کا معائنہ کیا۔ نوجوانوں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج عظیم ادارہ ہے اپنی شاندار کارکردگی، ذمہ داریوں اور کردار سے ادارے کی ساکھ برقرار رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فوجی افسروں نے کئی سوالات کئے۔ افسران نے فوجی عدالتوں سے متعلق رانا ثناء اللہ کا بیان اور ڈان لیکس پر سوال اٹھائے۔ افسران نے کہا ڈان لیکس کی تحقیقات اب تک مکمل نہیں ہو سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران نے آرمی چیف سے شکوہ کیا کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے فوجی عدالتوں کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی افسران کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دیئے۔