قومی دفاع

آرمی چیف سے وزیر اعلی پنجاب کی ملاقات دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن پراتفاق

اسلام آباد:(آئی این پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی ہے جس میں پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن اور ’’را‘‘ کا نیٹ ورک توڑنے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن پر گفتگو کی گئی اور ان کیخلاف سخت آپریشن سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں آپریشن کی جزئیات طے کی گئیں، کسی بھی کارروائی سے پہلے اور بعد میں صوبائی حکومت کو آگاہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے بعد میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور آرمی چیف سے ملاقات کی تفصیل بتائی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات دو سے ڈھائی گھنٹے جاری رہی۔ شہباز شریف ملاقات کیلئے خصوصی طور پر لاہور سے اسلام آباد آئے تھے۔ اس سے پہلے شہباز شریف اور چودھری نثار کے درمیان پون گھنٹہ ملاقات ہوئی جس میں مشاورت کی گئی۔
ملاقات