آرمی چیف نے بچے کے دل کی بات سن لی
لاہور:(ملت آن لائن) آرمی چیف نے دل کے عارضے میں مبتلا بیمار بچے کی اپیل منظور کرتے ہوئے کور کمانڈر لاہور کو علاج کے لیے بچے کو سی ایم ایچ منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔ دل کے عارضے میں مبتلا احسن حسین نامی بچہ یکم دسمبر سے لاہور کے چلڈرن اسپتال میں زیر علاج ہے جسے ڈاکٹروں نے انتہائی مہنگا علاج تجویز کرتے ہوئے ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن تجویز کی ہے، احسن نامی بچے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کیا جس میں آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی گئی جس کا جنرل قمر باجوہ نے نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر لاہور کو بچے کے فوری علاج کا حکم جاری کردیا۔ آرمی چیف کی ہدایت پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے چلڈرن اسپتال لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے احسن کی عیادت کی اور اسے پھول پیش کیے۔ کور کمانڈر نے بچے کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ وفد نے بیماربچے کو جلد سی ایم ایچ (کمائنڈ ملٹری ہاسپٹل) منتقل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں بچے نے اپنے ویڈیو بیان میں آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نویں جماعت کا طالب علم ہوں اور دل کے مہلک عارضے میں مبتلا ہوں، میرا دل صرف 20 فیصد کام کررہا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ میری ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن کی جائے گی جو کہ بہت مہنگی ہے، میرے گھر والے علاج کی سکت نہیں رکھتے اس لیے جنرل قمر باجوہ سے درخواست کرتا ہوں کہ علاج میں میری مدد کی جائے، میں چلڈرن اسپتال لاہور میں آپ کی مدد کا انتظار کررہا ہوں۔