خضدار:(ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کے دوبارہ ممکنہ سرجیکل اسٹرائیک کوبھی مسترد کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف دعویٰ کرکے خود کو دھوکا دے رہے ہیں۔ اس سے قبل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق خضدارمیں تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے، پاک فوج بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے ہراقدامات کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں 30 ہزارفوجی جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، بحریہ، فضائیہ سمیت دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کو نمائندگی دی گئی ہے، بلوچستان میں 25 ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیرانتظام تعلیم حاصل کررہے ہیں، کوئٹہ میں بھی انجینیرنگ یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جارہا ہے۔ بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک ایک ضروری پیغام تھا اور مستقبل میں ایسی کارروائیوں کے امکان کومسترد نہیں کیا جا سکتا۔