قومی دفاع

آرمی چیف نے مزید 8 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ صفورہ اور سبین محمود کے قتل سمیت دیگر واقعات میں ملوث مزید 8 دہشت گردوں کی سزائے موت جب کہ 3 دہشت گردوں کی عمر قید کی توثیق کردی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 8 دہشت گردوں کے سزائے موت جب کہ 3 دہشت گردوں کی عمر قید کی توثیق کردی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سزا پانے والے دہشت گرد سماجی کارکن سبین محمود کے قتل میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ سانحہ صفورا، چینی انجینیرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں، سزائیں پانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کے کارندے بھی شامل ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے دہشت گردوں میں حافظ محمد عمر، علی رحمان عرف پنوٹونا، عمرالمعروف جواد، عبدالسلام عرف طیب رضوان عظیم، خرم شفیق عبداللہ منصور شامل ہیں جب کہ دہشت گرد بلال محمود، محمد یوسف قانون نافذ کرنے والےاداروں کے اہلکاروں پرحملے، سیف اللہ شہریوں اورپولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سزاپانے والوں میں کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان بھی شامل جو کیپٹن نجم، کیپٹن جنید، سکیورٹی اہلکاروں اور 2 چینی انجینئرز کے اغوا میں ملوث تھا اور مسلم خان نےمجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جب کہ عمر قید پانے والا سرتاج علی دہشت گردوں کی مالی معاونت، محمود خان چینی انجینیرز کے اغوا میں ملوث ہے اور عمر قید کی سزا پانے والا تیسرا دہشت گرد فضل غفار ہے۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد آئین میں ترامیم کرکے فوجی عدالتیں قائم کی گئیں تھیں جن میں 300 مقدمات بھجوائے جاچکے ہیں اور ان میں سے 120 اب بھی زیر سماعت ہیں۔