پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ اٹلی کے دوران دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے کردار کو سراہا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اٹلی کے وزیر دفاع، آرمی چیف اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعلقات بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اٹلی کے دفاعی سربراہان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی قوم کی قربانیوں کے جذبے کی مرہون منت ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام، شہدا اور غازیوں کے خاندانوں نے بھی دہشتگردی سے جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ اگرچہ جنگ جاری ہے اور اس جنگ کے نتیجے میں پاکستان مضبوط تر ہو کر سامنے آیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ آج کا پاکستان دنیا کے لیے کھلا ہے اور امن اور استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور اطالوی حکام کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا اور آرمی چیف سے اطالوی حکام نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ پر رہنمائی بھی حاصل کی۔
خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یورپ کے سرکاری دورے پر ہیں اور انہوں نے چند روز قبل برطانیہ کا بھی دورہ کیا تھا۔