راولپنڈی(ملت + آئی این پی )آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج سب سے زیادہ جنگی صلاحیتوں کی حامل تجربہ کار فوج ہے ،روسی فوج کا شمار بھی دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، مشترکہ فوجی مشقوں سے دونوں ملکوں کے فوجیوں کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اٹک کے قریب فیلڈ ایریا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان اور روس کے درمیان جاری فوجی مشقوں کا جائزہ لیا ، دونوں ممالک کے درمیان مشقیں 27ستمبر سے جاری ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنگی مشقوں میں شریک فوجی دستوں سے ملاقات کی اور ان کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی ۔ آرمی چیف نے دونوں ملکوں کی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج سب سے زیادہ جنگی صلاحیتوں کی حامل تجربہ کار فوج ہے ۔انہوں نے کہا کہ روسی فوج کا شمار بھی دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ فوجی مشقوں سے دونوں ملکوں کے فوجیوں کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔