راولپنڈی (آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں، راہداری کا خواب پورا کرنے کیلئے سیکیورٹی فورسز ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، راہداری کو ملک و قوم کیلئے فائدہ مند بنایا جائے گا۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نئے سپیشل سیکیورٹی ڈویژن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اقتصادی راہداری کے سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی،سیکیورٹی ڈویژن اقتصادی اقتصادی راہداری کی حفاظت کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے سپیشل سیکیورٹی ڈویژن ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے خلاف مہم سے آگاہ ہیں، راہداری کا خواب پورا کرنے کیلئے سیکیورٹی فورسز ہر قربانی دینے کیلئے تیارہے، خواب کو حقیقت بنانے کیلئے ہر قیمت ادا کریں گے، پاک چین اقتصادی راہداری کو ملک و قوم کیلئے فائدہ مند بنایا جائے گا۔(اح)