آرمی چیف کا پی او ایف واہ کا دورہ
راولپنڈی:(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈنس فیکٹریز واہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دفاعی پیداواری صنعت میں پی او ایف نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈنس فیکٹریز پی او ایف واہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو پی او ایف کے امور کار اور مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے یوریا مولڈنگ پلانٹ یو ایف ایم سی، اسٹیشن ہیڈ کوارٹرز کی عمارت اور پی او ایف کالونی سنجوال کا افتتاح بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف کے افسران اور کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں اپ گریڈیشن اوراستعداد کار کے حصول پر کام کیا جائے، دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے لیے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداواری صنعت میں پی او ایف نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ پی او ایف کا ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکریٹری دفاعی پیداوار اور چیئرمین پی او ایف بھی اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔