راولپنڈی (لت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں اور گوجرانوالہ میں جاری فوجی مشقوں کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے کھاریاں اور گوجرانوالہ میں جاری فوجی مشقوں کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔دورے کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مشقوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے رات کو فیلڈ مشقوں کا بھی معائنہ کیا۔ فیلڈ مشقیں وسطی و جنوبی کمانڈ کے تحت جاری ہیں۔مشقوں کا مقصد آپریشنل منصوبہ بندی اور تیاری کو بہتر بنانا ہے۔سینٹرل کمانڈ کی پیدل فوج اور پنجاب رینجرز نے بھی مشقوں میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی بہترین تربیت ، پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر کور کمانڈر گرجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق ، کمانڈر سینٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر درانی اور لیفٹیننٹ جنرل قمر باجوہ بھی موجود تھے۔