قومی دفاع

آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس، کلبھوشن یادیو کے معاملے پر غور

راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور شرکا ء نے اس عزم ا عادہ کیاکہ اس طرح کی ریاست مخالف سرگرمیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ آپریشن ردالفساد اور ملک میں جاری مردم شماری میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں جاری آپریشز میں سیکورٹی فورسز ،انٹیلی جنس ایجنسیوں ،قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ کانفرنس کو کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کااعادہ کیاکہ ریاست مخالف اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔