راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب پر مسلم امہ کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں ہیں۔ اس موقع پر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دونوں ممالک نے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے دونوں ممالک کو نئے میکانزم اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے سعودی نائب ولی عہد وزیر دفاع محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ نائب ولی عہد نے پاکستان میں امن و استحکام کے لئے ہر ممکن حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامات مقدسہ اور سعودی علاقائی سالمیت کی سکیورٹی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آرمی چیف نے سعودی فورسز کے سربراہ جنرل عبدالرحمان بن صالح سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔