راولپنڈی :(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کمانڈر سے ملاقات کی، میجر جنرل صالح محمد صالح نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کے کمانڈر میجرجنرل صالح محمد صالح میگرن ال امیری پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر
(جی ایچ کیو ) پہنچے تو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کی لینڈ فورس کے کمانڈر میجر جنرل صالح محمدصالح میگرن ال امیری کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی سلامتی اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان دفاع، سیکیورٹی اور فوجی تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی غور ہوا۔
لینڈ فورس کے کمانڈر میجرجنرل صالح محمدصالح نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں یادگارشہداءپر حاضری بھی دی اور پھول چڑھائے۔